کراچی(این این آئی)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف کراچی میں 16اگست کو گورنرہاو¿س کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا،79 سال گزرنے کے باوجود پاکستان میں جاگیرداروں، وڈیروں ،خان خوانین اور طبقہ اشرافیہ کا راج ہے۔ اس طبقے نے ملکی وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ کراچی کے عوام کوبجلی اور پانی میسر نہیں، لیکن بجلی کے بل، ٹیکس اور مختلف جرمانے باقاعدگی سے وصول کیے جاتے ہیں۔ جماعت اسلامی نے پٹرول کی قیمتوں، پٹرول پر عائد ٹیکسز، پانی اور بجلی سمیت کراچی کے ہر بنیادی مسئلے پر عوام کی آواز بن کر اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔عوام ظلم اور ناانصافی کے نظام کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ،قدم سے قدم ملا کر چلیں تاکہ پاکستان میں عدل و انصاف پر مبنی نظام قائم ہو سکے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد اللہ کے کلمے کی سربلندی اور عوام کی حقیقی خدمت ہے۔پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، جس کا مقصد محض ایک خطے کا قیام نہیں بلکہ اللہ کے کلمے کی سربلندی اور عدل و انصاف پر مبنی نظام کا قیام تھا۔ جماعت اسلامی ظلم و ناانصافی کے نظام کے خاتمے اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹا¶ن میونسپل کارپوریشن جناح کے تحت یوسی 7 بہادر آباد میں ”چاندنی پارک“کے افتتاح اور جماعت اسلامی یوسی 12اور نیو کراچی ٹاو¿ن کے تحت آزادی فیملی فیسٹیول کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرٹاو¿ن چیئرمین جناح رضوان عبد السمیع ، ٹاو¿ن چیئرمین نیو کراچی محمد یوسف ،سکریٹری ضلع شمالی شکیل احمد، چیئرمین یوسی 12عظیم انور،چیئرمین یوسی 7سلیم عمر کپاڈیا،وائس چیئرمین حسن رضا اور علاقہ مکین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔تقریب ”آزادی فیملی فیسٹیول “میں اہلِ علاقہ نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ جشنِ آزادی منایا اور پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعائیں کی گئیں۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں پاکستانی یومِ آزادی منا رہے ہیں، پاکستان کا پرچم بلند کر رہے ہیں اور اللہ رب العالمین کا شکر ادا کر رہے ہیں۔ قرآنِ پاک میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اگر تم شکر کرو گے تو میں تمہیں مزید نوازوں گا۔ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، اس پر جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علامہ اقبالؒ کے خواب اور قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم جدوجہد کے نتیجے میں وجود میں آیا۔ پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الٰہ الا اللہ وہ نعرہ تھا جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک لڑی میں پرو دیا۔ آج ضرورت ہے کہ ہم پاکستان کو اس مقصد کے مطابق ایک اسلامی، عادلانہ اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔منعم ظفر خان نے کہا کہ آج ہمارے لیے خوشی کا موقع ہے کہ ٹا¶ن میونسپل کارپوریشن جناح اور یوسی 7 بہادر آباد کے تحت چاندنی پارک کا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچا ہے۔ اس منصوبے کے لیے متعلقہ ذمہ داران نے جس طرح مسلسل فالو اَپ اور محنت کی، وہ قابلِ تحسین ہے۔ جماعت اسلامی اپنے وسائل اور اختیارات کے اندر رہتے ہوئے کراچی کو خوب صورت، صاف ستھرا اور شہریوں کے لیے بہتر شہر بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔ عوام نے جماعت اسلامی پر جو اعتماد کیا ہے، جماعت اسلامی ترقیاتی کاموں اور عوامی خدمت کے ذریعے اس اعتماد کو مزید مضبوط کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ”پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس “کے خلاف (آج) گورنر ہائوس کے باہر دھرنا ہوگا منعم ظفر
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل