واشنگٹن؍ تہران؍ دوحہ ( آئی این پی) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ اسرائیل امریکہ میں عوامی رائے کی جنگ ہار رہا ہے، یہ ایک سادہ اور واضح حقیقت ہے۔ انہوں نے امریکہ‘ ایران مفاہمتی یادداشت کو ناکام بنانے کیلئے اسرائیل کی جانب سے سازشیں ہونے کا انکشاف بھی کیا۔ امریکی پوڈ کاسٹر جو روگن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل امریکہ کا اتحادی ہے، تاہم وہ امریکی سیاست پر اثرانداز ہونے کی کوشش ضرور کرتا ہے۔ وینس سے سوال ہوا کہ کیا وہ امریکی سیاست پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں؟ جس پر امریکی نائب صدر نے جواب دیا کہ ‘جی ہاں، اسرائیل یقینی طور پر اس معاملے میں زیادہ مؤثر ہے’۔ انہوں نے کہا ہم نے بہت رقم خرچ کی ہے، معاہدہ ہی واحد حل ہے، زمینی فوج ایران نہیں بھیجیں گے۔ اسرائیلی حکومتی عناصر نے مفاہمت ناکام بنانے کی سازش کی۔ ایک انٹرویو کے دوران نائب امریکی صدر نے ایران میں زمینی فوج بھیجنے کی خبروں کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کے بعض عناصر نے ایران کے ساتھ معاہدے کو سبوتاژ کرنے کیلئے امریکہ میں مہم پر بھاری رقم خرچ کی۔ غیر ملکی اثرورسوخ کی ایسی مہم کے باوجود امریکی مفادات کو اولین ترجیح دیں گے۔ امریکی نائب صدر نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ تنازع کا مستقل حل فوجی کارروائی نہیں بلکہ مذاکرات اور سفارتی معاہدہ ہے۔ ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرمینیا نے کہا ہے کہ امریکہ نے حملے جاری رکھے تو جنگ کا دائرہ نئے محاذوں تک پھیل جائے گا۔ محمد اکرمینیا کا کہنا تھا کہ ایران نے ابھی اپنی تمام عسکری صلاحیتیں استعمال نہیں کیں، دشمن کی کارروائیاں جاری رہیں تو ایران کا جواب حالات کے مطابق اور دشمن کے توقعات سے بڑھ کر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا اپنے ہمسایہ ممالک یا خطے کی مسلم ریاستوں سے تصادم کا کوئی ارادہ نہیں، ایران ہمیشہ علاقائی تعاون اور برادرانہ تعلقات کے فروغ کا خواہاں رہا ہے۔ محمد اکرمینیا نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کا اولین مقصد ملک کی سلامتی، قومی مفادات اور وقار کا تحفظ ہے۔ جبکہ خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈ کوارٹر کے ترجمان نے امریکہ کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تو خطے میں جو بھی امریکی انفراسٹرکچر باقی ہے اسے تباہ کر دیا جائے گا۔ ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ امریکہ خطے میں اپنی قانون شکنی اور عدم استحکام کو جاری رکھے ہوئے ہے، آبنائے ہرمز ایران کے لیے سرخ لکیر ہے، امریکہ کو اس معاملے میں مداخلت نہیں کرنے د یں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکی صدر کی حالیہ دھمکیوں پر عمل کیا گیا اور ایران کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تو ایران کے ضبط و تحمل کے باعث خطے کا جو انفراسٹرکچر اب تک محفوظ رہا ہے ایسے آہنی وار سے کچل دیا جائے گا کہ اس کا کوئی نشان بھی باقی نہیں رہے گا۔ انہوں نے خطے کو اونٹوں کے دور میں پہنچانے کی دھمکی بھی دی۔ ایران کے سابق وزیر خارجہ اور سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کی ملکیت ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اسے ایران سے نہیں چھین سکتی۔ ایرانی سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت آبنائے ہرمز کو ایران کی ملکیت سے الگ نہیں کر سکتی۔ ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایرانی فوج کو دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی مکمل آزادی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران کی قومی سلامتی آبنائے ہرمز پر ایرانی انتظامات برقرار رکھنے میں ہے۔ باقر قالیباف نے کہا کہ امریکہ کا مقصد نظام گرانے کے ساتھ ایران کے ٹکڑے کرنا بھی ہے۔ ہمارے پاس اپنی قوت اور مضبوط بننے پر انحصار کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ دوسری جانب امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے اپنی ایک رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے مزید آپشنز پر غور کر رہے ہیں جن میں آبنائے ہرمز کے قریب واقع ایرانی جزائر پر امریکی زمینی فوج اتارنے کا امکان بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ کئی روز کے دوران ہونے والی اعلی سطح کی بریفنگز میں صدر ٹرمپ کو سفارتی کوششوں کے ساتھ ساتھ زمینی فوجی کارروائی کے مختلف آپشنز پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ٹرمپ کی زیر صدارت سچویشن روم میں ہونے والے اجلاس میں ایران کے خلاف فوجی دبائو بڑھانے سے متعلق متعدد تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تنازع کا مستقل حل فوجی کارروائی نہیں بلکہ مذاکرات اور سفارتی معاہدہ ہے۔ پوڈ کاسٹ انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ ایران سے مذاکرات کی مخالفت کرنے والوں کے پاس مسلسل اور غیر مؤثر بمباری کے سوا کوئی حقیقت پسندانہ منصوبہ نہیں۔ امریکی نائب صدر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایران میں حکومت کی تبدیلی کے لیے زمینی فوج نہیں بھیجے گا، اگر ایرانی عوام اپنے نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں تو یہ ان کا اپنا فیصلہ ہو گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا ایک قلیل مدتی مقصد تھا۔ امریکہ کی ترجیح آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنا اور عالمی تیل و گیس کی بلا تعطل ترسیل یقینی بنانا ہے۔ برطانوی خبر رساںایجنسی کے مطابق ایران نے حوثیوں کے پاور انفراسٹرکچر پر امریکی حملے کی صورت میں باب المندب بند کرنے کی تیاری کی ہدایت کر دی۔ ایرانی قیادت نے باب المندب بند کرنے کی تجویز پر غور کیا۔ ایران کے دو سینئر حکام اور ایک علاقائی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پیغام حوثیوں تک پہنچا دیا ہے۔ ایران نے گزشتہ جمعرات کی صبح بحرین، کویت اور اردن پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جبکہ اس سے پہلے امریکہ نے ایران کے اندر مزید گہرائی تک فوجی کارروائیاں کیں اور ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی سخت کر دی۔ ایرانی فوج نے کہا کہ اس نے اردن میں امریکی فوجی تنصیبات کو ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔ ایران کی فوج نے اعلان کیا کہ دشمن کی جارحیت کے جواب میں اردن میں امریکی فوجی تنصیبات کے مواصلاتی نظام اور ایندھن ذخیرہ کرنے کی جگہوں کو خودکش ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔ اردن کی فوج نے کہا ہے کہ اس نے ایران سے آنے والے 8 ڈرونز کو فضا میں ہی کامیابی سے تباہ کر دیا ہے۔ ایرانی میڈیا نے مزید کہا کہ پاسدارانِ انقلاب نے کویت میں علی السالم ایئر بیس پر امریکی راڈار سسٹم اور امریکی فوجیوں اجتماع کو ہدف بنایا جبکہ کویت نے کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی میزائل اور ڈرونز کو روک لیا۔ پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ عراق کے ام قصر پورٹ بیس پر امریکی فوجیوں کے مقام کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ مشترکہ میزائل اور ڈرون حملوں میں عراق میں دونوں اہداف کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ ایران نے درجنوں میزائل اور ڈرونز خلیجی ممالک پر داغے۔ امریکی حملے اس بار ایران کے شمالی حصوں تک پہنچے جن میں تہران اور صوبہ سمنان شامل ہیں، جہاں بیلسٹک میزائل اور خلائی پروگرام کی تنصیبات ہیں۔ امریکہ نے گریٹر تنب جزیرے پر بھی حملے کیے، جن میں ساحلی دفاعی نظام اور کروز میزائل لانچ سائٹس کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائیوں کا نیا سلسلہ مکمل کر لیا ہے، فوجی تنصیبات کو ہدف بنایا گیا۔ ایرانی میڈیا نے مزید کہا کہ حملے اہواز، بندر عباس، کنارک، سیریک اور قشم کے قریب بھی ہوئے۔ اہواز میں ایک ہسپتال کے قریب حملے کے بعد بچوں کے کینسر وارڈ کو عارضی طور پر خالی کرایا گیا۔ امریکہ نے ایران کی بندرگاہوں پر بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کر دی ہے۔ امریکی فوج نے ایک اور تیل بردار جہاز کو ناکارہ بنا دیا جو ایران کے خرم جزیرے کی طرف جا رہا تھا، دو دیگر جہازوں کو بھی روک دیا گیا۔ ادھر اردنی وزیر خارجہ نے کہا ہمارے ملک میں امریکی اڈے نہیں‘ ایران کا بیانیہ غلط ہے۔ اردن میں صرف فوجی تعاون کے تحت امریکی میرینز موجود ہیں۔ یو این سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے ایران‘ امریکہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انتونیوگوتریس نے کہا کہ مکمل جنگ سے شہریوں کو ناقابل برداشت نقصان پہنچ سکتا ہے۔ جنگ سے عالمی امن‘ سلامتی اور معیشت متاثر ہو گی۔ اقوام متحدہ نے فریقین پر کشیدگی میں اضافے سے گریز کرنے پر زور دیا۔ ترجمان ایرانی پاسداران انقلاب جنرل محمدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کارروائیوں کا مرکز خطے میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانا ہے۔ ایران کی کارروائیاں امریکی فوجی ڈھانچے اور تنصیبات پر مرکوز ہیں۔ خطے میں کشیدگی کے باعث امریکی فضائیہ نے فضائی نگرانی تیز کر دی۔ مشرق وسطیٰ میںامریکی ایف 35 سٹیلتھ طیاروں کا فضائی گشت جاری ہے۔ امریکی لڑاکا طیاروں کو دوران پرواز سی 135 ٹینکر سے ایندھن فراہم کیا جا رہا ہے۔ سینٹرل کمانڈ نے طیاروں میں ایندھن بھرنے کی ویڈیو جاری کر دی۔ ادھر ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے ایکس پر تصاویر جاری کرکے بتایا شہر اہواز میں بچوں کے کینسر شاہد بقائی ہسپتال کے قریب بمباری کی جس سے خدمات عارضی طور پر معطل ہو گئیں۔ ہنگامی طور پر 211 مریضوں کو دوسری جگہ منتقل کیا گیا۔ حملہ قابل مذمت ہے۔ ایرانی وزارت صحت کے مطابق حالیہ حملوں میں اب تک 35 افراد شہید ہو گئے۔ ان میں دو خواتین اور بچے شامل ہیں‘ زخمیوں کی تعداد تین سو سے زائد ہو گئی۔ ایران نے خطے کو اونٹوں کے دور میں پہنچانے کی دھمکی دیدی۔ ترجمان خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹرز نے کہا ہے کہ امریکی حملے جاری رہے تو جنگ پھیل جائے گی۔قطر نے اسرائیلی میڈیا رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں شمولیت کی خبروں کو مسترد کر دیا۔ ترجمان میں کہا جھوٹی خبروں کا مقصد ثالثی کی کوششوں کو نقصان پہنچانا ہے۔ اسرائیل کا جھوٹا پروپیگنڈا ہماری سفارتی کوششوں کومتاثر نہیں کر سکتا۔ خطے میں امن اور معاہدے کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے۔
معاہدہ ہی واحد حل ‘زمینی فوج ایران نہیں بھیجیں گے‘اسرائیلی حکومتی عناصر نے مفاہمت ناکام بنانے کی سازش ‘بھاری رقم خرچ کی:امریکی نائب صدر
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل