کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور کشمیری ہمارے دست و بازو ہیں، سعد رفیق

جہلم(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر راہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور کشمیری ہمارے دست و بازو ہیں، ہمارے جگر اور دل کا حصہ ہیں، ہم ان سے اپنے آپ کو الگ نہیں کر سکتے۔ وہ آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بڑے مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ نواب ہاو¿س جہلم میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین نظریہ پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہے ہیں۔ آزاد کشمیر کے انتخابات میں کشمیری مہاجرین اپنے ووٹ کے ذریعے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے خطاب میں کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں ترقی ہمیشہ نواز شریف کے دور میں ہی ہوئی ہے۔ کشمیری اپنے ووٹ سے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کی مہر لگا کر ایک بار پھر آزاد جموں و کشمیر میں تعمیر، ترقی اور امن کے نئے دور کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے خواجہ سعد رفیق سمیت پارٹی کے دیگر راہنماﺅں کی جہلم آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کی ہدایت پر جہلم تشریف لانے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیر مملکت عبد الرحمن کانجو، رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) ضلع راولپنڈی کے صدر ملک ابرار، ضلع جہلم کے صدر حافظ اعجاز جنجوعہ، طالب مہدی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی ہدایت پر منعقدہ اجلاس میں آزاد کشمیر کے جہلم سے متعلق انتخابی حلقوں ایل اے 39 اور ایک اے 42 میں الیکشن کمپین کے حوالے سے امور پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے جہلم کی چاروں تحصیلوں میں دونوں حلقوں پر الیکشن کی تیاریوں اور زمہ داریوں پر اجلاس کو پیش رفت سے آگاہ کیا۔ سینئر رہنما رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ اورنگزیب، سینیٹر انوشہ رحمان، اور اے جے کے اسمبلی کے لئے نامزد امیدواروں راجہ محمد صدیق اور شوکت علی شاہ کے علاوہ سابق ایم این اے راجہ مطلوب مہدی، چوہدری عابد رضا، سید توصیف شاہ، مہر فیاض، چوہدری سعید، چوہدری ناصر، چوہدری بوٹا جاوید، چودھری راشد اور دیگر راہنما بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کے ان انتخابی حلقوں میں لگائی گئی ذمہ داریوں اور پولنگ ڈے کی حکمتِ عملی پر غور کیاگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں