کوئٹہ(این این آئی) سابق صوبائی وزیر اور رکن صوبائی اسمبلی سردار عبدالرحمن کھتیران نے ضلع زیارت اور کوٹیہ ہنہ اڑوک میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے زیارت میں پولیس چوکی پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے ایس ایچ اوز اور پولیس اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءنے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قیامِ امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔سردار عبدالرحمن کھتیران نے کوٹیہ ہنہ اڑوک میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کی بھی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں اور ایسے بزدلانہ حملوں سے عوام کے حوصلے ہرگز پست نہیں کیے جا سکتے۔انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔سردار عبدالرحمن کھتیران نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون، قومی اتحاد اور امن دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ بلوچستان میں دیرپا امن اور استحکام یقینی بنایا جا سکے۔
زیارت اور کوئٹہ میں دہشت گردوں کے حملے میں پولیس اور بے گناہ افراد کی شہادت قابل مذمت ہے ، امن دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، سردار عبدالرحمن کھتیران
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل