کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما انجینئر ہادی عسکری نے ہنہ اوڑک اور زیارت میں دہشت گردوں کے حملے میں بے گناہ شہریوں اور پولیس کے جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں انکے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انجینئر ہادی عسکری نے کہا کہ کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں دہشت گردوں کے حملے میں بے گناہ اور معصوم 5شہریوں کی شہادت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے دہشتگرد عناصر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں جو کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے زیارت کے علاقے مانگی میں دہشت گردوں کے حملے میں پولیس کے جوانوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اپنے غیر ملکی آقاوں کی خوشنودی کیلئے پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو نشانہ بنارہے ہیں لیکن دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے۔ انہوں نے دہشت گردوں کے حملے کے بعد پولیس ، ایف سی اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سرچ آپریشن کے دوران 15دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔انجینئر ہادی عسکری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پولیس ،ایف سی اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جن کی قربانیاں انشاءاللہ رائیگاں نہیں جائیں گی اور جلد ہی بلوچستان سمیت ملک بھر سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا جائے گا۔ انہوں نے دہشت گردوں کے حملوں میں شہیدہونے والے شہریوں اور پولیس جوانوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انکے غم میںبرابرکی شریک ہے۔
دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما انجینئر ہادی عسکری
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل