ماشکیل میں بے گناہ مزدوروں کا قتل انسانیت سوز سانحہ ہے، دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(این این آئی) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں پانچ بے گناہ محنت کشوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی ظالمانہ، افسوسناک اور انسانیت سوز واقعہ قرار دیا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نہتے محنت کشوں کو نشانہ بنانا نہ صرف قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ امن، رواداری اور انسانی اقدار پر بھی حملہ ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدور پنجاب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے تھے اور روزگار کے حصول کے لیے بلوچستان میں محنت مزدوری کر رہے تھے۔ ایسے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلی اور سفاکیت کی بدترین مثال ہے۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ محنت کش طبقہ ملک کی معیشت کا بنیادی ستون ہے، اور جو لوگ اپنے اہلِ خانہ کی کفالت کے لیے گھروں سے دور کام کرتے ہیں، ان کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ ایسے واقعات بلوچستان کے امن، ترقی، سرمایہ کاری اور قومی یکجہتی کے لیے سنگین چیلنج ہیں۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی، مو¿ثر انٹیلی جنس اور مربوط کارروائی کے ذریعے حملہ آوروں، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ دہشت گردوں کو یہ واضح پیغام دیا جانا چاہیے کہ بے گناہ شہریوں کا خون بہانے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں اور انہیں قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف ملے اور آئندہ ایسے جرائم کی روک تھام ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن صرف مو¿ثر سکیورٹی اقدامات ہی نہیں بلکہ انصاف، ترقی، روزگار کے مواقع اور شہریوں کے تحفظ کے مضبوط نظام سے ہی ممکن ہے۔ سانحہ ماشکیل اس بات کا متقاضی ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ریاستی ادارے بھرپور اور مو¿ثر اقدامات کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں